کیلیفورنیا: دنیا کی سب سے مقبول میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا پرائیویسی فیچر متعارف کروا دیا ہے، جسے ’ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنی ذاتی گفتگو کو مزید محفوظ بنانے کی سہولت دینا ہے۔ نئے فیچر کے تحت صارفین دوسروں کو اپنی چیٹس ایکسپورٹ کرنے، تصاویر یا ویڈیوز خودکار طور پر محفوظ کرنے، اور چیٹس میں میٹا اے آئی کو شامل کرنے سے روک سکتے ہیں۔
ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کی مدد سے کوئی بھی شخص اب واٹس ایپ چیٹ کی مکمل ہسٹری کو ایپ سے باہر منتقل نہیں کر سکے گا، جبکہ بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز اب خود بخود دیگر صارفین کے فون کی گیلری میں محفوظ نہیں ہوں گی۔ اگرچہ انفرادی پیغامات کے اسکرین شاٹس اب بھی لیے جا سکتے ہیں، واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں اس پر بھی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
یہ فیچر نہ صرف ون آن ون چیٹس بلکہ گروپ چیٹس پر بھی لاگو ہوگا، اور خاص طور پر ایسے گروپس میں مفید ثابت ہوگا جہاں اراکین ایک دوسرے کو ذاتی طور پر نہیں جانتے لیکن اہم یا حساس موضوعات پر گفتگو کر رہے ہوتے ہیں۔
ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو صرف متعلقہ چیٹ کھول کر، اوپر موجود چیٹ کے نام پر ٹیپ کرنا ہوگا، اور "ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی" آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ ایک بار فعال ہو جانے پر گروپ کے تمام ممبران کو اس حوالے سے اطلاع موصول ہو جائے گی۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ فیچر آنے والے مہینوں میں بتدریج تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔