لاہور: پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج نے واقعی آگ برسانا شروع کر دی ہے۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے، جس کے باعث شہری شدید گرمی سے بے حال ہو گئے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم خشک اور گرم ہے، اور محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
شدید گرمی کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں ایئر کنڈیشنر اور کولر کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ ادھر کراچی میں بھی تیز دھوپ نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے، البتہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جا سکتا ہے، جبکہ اس وقت 27 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شہر میں گرمی کی شدت 32 ڈگری محسوس کی جا رہی ہے، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے، جبکہ ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔