لاہور، کراچی ،اسلام آباد:ملک بھر میں گرمی کی لہر نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، جہاں سورج سوا نیزے پر آنے کے باعث بیشتر شہر شدید ترین ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
ملک کا گرم ترین علاقہ بلوچستان کا شہر سبی رہا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، جبکہ سندھ کا شہر دادو 48 ڈگری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ اسی طرح سکھر اور تربت میں بھی شدید تپش دیکھی گئی اور وہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، نوابشاہ اور سرگودھا میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع بشمول لاہور، اٹک، ڈیرہ غازی خان، جہلم اور ساہیوال میں پارہ 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پشاور، حیدرآباد، بہاولپور، فیصل آباد اور ملتان میں شدید تپش کے ساتھ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی گرمی سے محفوظ نہ رہ سکا جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری اور جڑواں شہر راولپنڈی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، عام طور پر معتدل رہنے والے بالائی علاقوں مظفرآباد اور چلاس میں بھی پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔ شدید گرمی کے پیشِ نظر انتظامیہ نے شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔