سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار

CTD and intelligence operation, two terrorists of banned organization arrested
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے کراچی کے علاقے سائٹ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سی ٹی ڈی انوسٹی گیشن کراچی کے انچارج مظہر مشوانی کے مطابق پولیس نے حساس ادارے کے ہمراہ سائٹ ایریا میں نورس چورنگی کے قریب سے مقابلے کے بعد دو ملزمان سید محمد علی رضا نقوی اور آغا حسن کو گرفتار کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

ملزمان کا تعلق کالعدم سپاہ محمد پاکستان سے ہے۔ کارروائی میں ملزمان کے دو ساتھی اوسط علی رضوی اور کرار حسین فرار ہو گئے۔ اوسط علی رضوی کالعدم سپاہ محمد پاکستان کا ایک منظم سلیپر سیل چلا رہا تھا۔ سلیپر سیل کا سرغنہ سید اوسط علی رضوی ٹارگٹ کی ریکی کروا کر ٹارگٹ کلنگ کرواتا تھا،وہ دہشت گردوں کو 25 ہزار روپے ماہوار ادا کرتا تھا۔ دہشتگروں نے ڈاکٹر اور دو بھائیوں سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی۔ ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

مظہر مشوانی کا کہنا تھا کہ 2013 میں عیسیٰ بلوچ کو کلفٹن میں قتل کیا گیا، اس کے علاوہ اسی سال شاہد آٹوز کے مالک شاہد کو جہاز والی چورنگی پر ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا۔ انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ ملزمان نے سال 2011ء میں ڈاکٹر محمود کو شمسی اسپتال کے باہر ٹارگٹ کر کے قتل کیا۔ ملزمان نے 2014ءمیں دو بھایئوں محمد تنویر اور محمد کو ملیر کھوکرا پار بیکری میں قتل کیا۔