ایران کا اسرائیل پر 300 سے زائد ڈرون اور میزائلوں سے حملہ ، فوجی اڈے کو نقصان

ایران کا اسرائیل پر 300 سے زائد ڈرون اور میزائلوں سے حملہ ، فوجی اڈے کو نقصان

تہران: ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل پر 300 سے زائد ڈرون اور کروز میزائل سے حملہ کر دیا۔

ایران کے پاسداران انقلاب نےکہا ہے کہ اس نے درجنوں ڈرون اور میزائل لانچ کرکے سرائیلی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر وسیع پیمانے پر ڈرون حملے کیے ہیں، دوسری جانب اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے 300 سے زائد ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے ہیں۔

اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق ایرانی ڈرونز سے جنوبی اسرائیل میں فوجی اڈے کو نقصان پہنچا اور  حملے میں ایک لڑکی زخمی ہوئی، خطرات ابھی ٹلے نہیں ہیں اور فورسز خطرات کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

ایران کے وزیر دفاع نے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ  جو بھی ڈرون کو روکنے کے لیے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھولے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری طرف یمن کے حوثیوں، لبنان کی حزب اللہ اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے بھی اسرائیل پر حملے کی اطلاعات ہیں۔