دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، محسن نقوی

دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور کئی ممالک اس چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ایک جامع اور بین الاقوامی حکمت عملی تیار کی جائے اور اس پر فوری عملدرآمد بھی ہونا چاہیے۔

یہ بات انہوں نے برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک برطانیہ تعلقات، برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور دہشتگردی کے خلاف تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔

محسن نقوی نے افضل خان کو برطانیہ میں الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی اور لیبر پارٹی کی جانب سے پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے افضل خان کی ان کوششوں کو سراہا جن کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوئے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، انسداد دہشتگردی کے لیے اپنے اداروں کی صلاحیت بڑھانے میں برطانیہ کے تعاون کا خیرمقدم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی ایک بڑی تعداد میں موجود ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ کی معیشت کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر افضل خان نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جو قربانیاں دی ہیں، وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

مصنف کے بارے میں