اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں دہشتگردی کی روک تھام کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن میں دھماکہ خیز مواد کو وفاقی سبجیکٹ بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ اس کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔ مزید برآں، وزارت خارجہ کے ذریعے افغان حکومت کے سامنے دہشتگردی کے مسئلے کو اُٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے اجلاس میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہر سطح پر حکومتی اداروں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے تمام صوبوں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کو فعال کرنے کے اقدامات بھی زیر غور آئے۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔