فرانس کے دارلحکومت پیرس سمیت 9 شہروں میں کرفیو لگا دیا گیا

فرانس کے دارلحکومت پیرس سمیت 9 شہروں میں کرفیو لگا دیا گیا
کیپشن: Photo by Forbes

پیرس: کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر فرانس کے دارلحکومت پیرس سمیت نوشہروں میں رات کا کرفیو لگا دیا گیا۔

اس بات کا اعلان فرانس کے صدر میکرون نے کیا، ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانا ہے ، عوام احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کریں، 9 شہروں میں رات نو بجے سے صبح چھ بجے تک مکمل کرفیو رہے گا۔

واضح رہے کہ مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔

روس میں ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ چودہ ہزار سے زائد کیسز سامنے آگئے۔ ماسکو میں سیکنڈری اسکولوں کی کلاس دو ہفتوں کے لیے آن لائن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

دنیا ایک بار پھر کورونا کی لپیٹ میں، مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری، بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد سات ملین تک پہنچ گئی۔

چینی شہر کنگ ڈاؤ میں کورونا کے کیسز سامنے آنے پر پورے شہر کا کورونا ٹیسٹ کورانے کا فیصلہ، برطانوی وزیر اعظم بورس جونسن کا ملک بھر میں تین درجے کا لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ، ملک کے شمال مغربی حصوں میں سینکڑوںبارز چار ہفتے کےلیے بند کر دیے جائیں گے، کورونا متاثرہ علاقوں میں سفری پابندیاں بھی لگائی جائیں گی۔ جرمنی کے کورونا متاثرہ علاقوں میں ریسٹورانٹ بند کرنے پر غور جاری ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے نجی میڈیکل کمپنیوں سے ڈیڑھ لاکھ کرونا ویکسین کی خوراکیں خریدنے کا معاہدہ طے کرلیا۔ ویکسین ممکنہ طور پر اگلے سال کے شروعات میں فراہم کی جائے گی۔