موسمی تبدیلی کے باعث خسرہ کے کیسز میں اضافہ، بچوں کوحفاظتی ٹیکے لگوانے کی اپیل

موسمی تبدیلی کے باعث خسرہ کے کیسز میں اضافہ، بچوں کوحفاظتی ٹیکے لگوانے کی اپیل

لاہور: صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکہ جات ضرور لگوانے کی اپیل کی۔ یکم سے 30 اپریل  تک پنجاب کے تمام اضلاع  میں بچوں کی ویکسینیشن  کے لئے خصوصی سرگرمی کا آغاز  کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ موسمی تبدیلی کے باعث پورے  ملک میں خسرہ کے کیسز میں اضافہ ہوتا ہے،خسرہ کو پھیلنے سے روکنے کے لئے بچوں کا ویکسینیشن کا کورس ضرور مکمل کروائیں۔خصوصی سرگرمی یکم سے 30 اپریل تک صوبہ کے تمام 36 اضلاع میں  جا ری ہےیہ سرگرمی عالمی ادارہ صحت کے تکنیکی اور مالی تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔

اس سرگرمی میں معمول کی ویکسینیشن، نامکمل کورس اور رہ جانے والے بچے  اور کوئی خوراک نہ لینے والے بچوں کو ویکسین دی جا رہی ہے بڑے شہروں اور دوسرے صوبوں سے متصل اضلاع میں بچوں کی خسرہ کی ویکسین پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر صحت کامزید کہنا تھا کہ آؤٹ ریچ سرگرمی  کے پہلے مرحلہ میں 4585 ویکسینیٹر، 4585  سوشل موبلائزر اور 338 سپروائزر فرائض سرانجام دے رہے ہیں،جولائی میں دوسرے مرحلہ کا انعقاد کیا جائیگا جس میں  پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو ویکسین دی جائیگی۔

توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات دو سال تک کے بچوں کو بارہ بیماریوں کی ویکسین مفت فراہم کرتا ہے۔ جو تمام مراکز صحت پر دستیاب ہیں۔دو سال سے کم عمر بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین کی دو خوراکیں دی جاتی ہیں۔

مصنف کے بارے میں