پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ مقررہ وقت پر ہو گا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ مقررہ وقت پر ہو گا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول کے مطابق ہی کھیلا جائے گا اور براڈ کاسٹنگ ٹیم کو سٹیڈیم جانے کا گرین سگنل بھی دیدیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ سکواڈ میں شامل 3 کھلاڑیوں سمیت مزید 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے باعث تیسرا ٹی 20 میچ تو کیا پورا دورہ ہی خطرے سے دوچار ہو گیا تھا تاہم سکواڈ میں شامل دیگر 14 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آنے کے باعث تیسرا ٹی 20 میچ شیڈول کے مطابق کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں آج شیڈول تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ کیلئے براڈ کاسٹنگ ٹیم کو سٹیڈیم جانے کا گرین سگنل دیدیا گیا ہے اور قوی امکان ہے کہ دونو ں ٹیموں کے درمیان شیڈول یہ میچ مقررہ وقت پر ہی شروع کیا جائے گا البتہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ویسٹ انڈیز کے اہم کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ کورونا سے متاثرہ 3 نئے کرکٹرز میں وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ، سپن باؤلر عقیل حسین اور آل راؤنڈر جسٹس گریوز شامل ہیں جبکہ ان کے علاوہ اسسٹنٹ کوچ روڈ ایسٹ ویک اور ٹیم کے فزیشن ڈاکٹر اکشے من سنگ بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اومی کرون کا شکار نہیں ہوئے اور بتایا جا رہا ہے کہ صرف 36 گھنٹے کی کمرشل فلائٹ میں کورونا وائرس کے کیسز مثبت آئے ہیں اور خدشہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی مختلف ائیرپورٹس پر کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ 
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان جاری ٹی 20 سیریز میں پاکستان کو 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا آخری ٹی 20 میچ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز کی ون ڈے سیریز بھی کھیلی جانی ہے۔