پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، جماعت اسلامی کا 2 روزہ احتجاج کا اعلان

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، جماعت اسلامی کا 2 روزہ احتجاج کا اعلان

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے 2 روزہ احتجاج کی کال دیدی ہے ۔ جماعت اسلامی کا یہ احتجاج جمعرات اور جمعہ کو ہر شہر میں ہو گا۔ 
صوبائی دارالحکومت لاہور سے جاری کئے گئے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے غریب عوام پر ظلم کی تمام حدیں عبور کر دی ہیں۔ حکومت کی غریب کش پالیسی جبر اور نا انصافی کی انتہا ہے، جماعت اسلامی پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے احکامات پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جا رہے ہیں، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کم ازکم 50 فیصد کمی کرے اور پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور کسٹم ڈیوٹی ختم کر کے عوام کو سبسڈی فراہم کی جائے۔ 
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت اشیائے خورو نوش، پیٹرول، بجلی، ادویات کی قیمتوں میں فوری 50 فیصد کمی کریں، پاکستان دنیا کا مہنگا ترین ملک بنا دیا گیا اور عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، عوام دشمن اقدامات ختم نہ ہوئے تو دھرنوں سے حکمرانوں کو گھر بھیج دیں گے۔ 

مصنف کے بارے میں