ریاض : وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس کے دوران ہوئی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کا شکریہ ادا کیا اور سعودی عرب میں پرتپاک خیرمقدم پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دونوں وزرائے خزانہ نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، اور مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں سعودی وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیر مملکت اور وزرا کی کونسل کے رکن ڈاکٹر حماد محمد الشیخ بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔