اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر سخت فیصلے کیے،چینی ٹیکنالوجی کمپنیاں ہمار ی اعلیٰ مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان منتقل ہو رہی ہیں: احسن اقبال

اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر سخت فیصلے کیے،چینی ٹیکنالوجی کمپنیاں ہمار ی اعلیٰ مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان منتقل ہو رہی ہیں: احسن اقبال

لاہور:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کاکہنا ہے کہ  سیالکوٹ سے کرتار پور روڈ اہم تجارتی اور دفاعی روڈ ہے اس کی تعمیر سے نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع ترقی کریں گے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مخالفین کہتے تھے سڑکوں سے ترقی نہیں ہوتی، مسلم لیگ (ن) اور اتحادی وقت پورا ہونے پر حکومت چھوڑ دیں گے، 2018 کی حکومت نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا تھا، ہم نے ایک سال میں اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر سخت فیصلے کیے۔

 انہوں نے بتایا کہ ہم 9 خصوصی اقتصادی زونز پر کام کر رہے ہیں۔ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح اس ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔ اسی طرح سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں دیگر اقتصادی زونز بھی ترقی کے مراحل میں ہیں۔ پاکستان کو سستی لیبر فورس کا بڑا فائدہ ہے۔ چین میں، بہت سی صنعتیں لاگت کی بڑھتی ہوئی سطح کی وجہ سے پیداواری لاگت کا سامنا کر رہی ہیں اور اب وہ ویتنام، کمبوڈیا اور لاؤس جا رہی ہیں۔

 پاکستان کا بنیادی ڈھانچہ بہت اچھا ہے اور پھر اس کے پاس چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کا فریم ورک ہے۔ اس لئے چینی کاروباری اداروں کے لیے پاکستان میں ان اقتصادی زونز میں منتقل ہونا بہت ہی پرکشش ہے۔ بہت سی چینی کمپنیاں پاکستان آ رہی ہیں۔ بہت سے چینی سرمایہ کاروں نے گوادر فری زونز میں سرمایہ کاری کی ہے۔ہم نئی ٹیکنالوجیز پر مبنی اپنے زرعی شعبے کو ترقی دینے کے منتظر ہیں۔

 پاکستان پانی کو محفوظ کرنے اور زراعت میں کارکردگی لانے کے لیے آبپاشی کی نئی ٹیکنالوجیز بھی تلاش کر رہا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ بہت سی چینی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان میں انسانی وسائل کی کم قیمت اور ہماری نوجوان آبادی کی اعلیٰ مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان منتقل ہو رہی ہیں۔ اس لیے میرے خیال میں زراعت، صنعت، کان کنی، آئی ٹی، توانائی کے شعبے یہ تمام شعبے چینیوں کے لیے بہت امید افزا ہیں ۔
سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاحکومت پاکستان چینیوں کی سکیورٹی کے لیے اضافی احتیاط برت رہی ہے۔ ہم نےسی پیک منصوبوں کو سیکورٹی کی چار پرتیں فراہم کی ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں