اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے چینی ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت چینی کی رسد اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا اور صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کو چینی کی کھپت، رسد اور موجودہ قیمتوں کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ چینی ذخیرہ کرنے یا قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور اس کی رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کا استحصال کرنے والے مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو چینی کی کھپت اور رسد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو مقررہ قیمت پر چینی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِاعظم نے تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور اس کی رسد کو مناسب سطح پر برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔