انسانی سمگلنگ کا کالا دھندا مکمل طور پر بند ہونا چاہیے، وزیراعظم شہباز شریف

انسانی سمگلنگ کا کالا دھندا مکمل طور پر بند ہونا چاہیے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کا کالا دھندا مکمل طور پر بند ہونا چاہیے۔ وہ ایف آئی اے اور آئی بی کے افسران سے ملاقات کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث ججا گروہ کے سرغنہ عثمان ججا کی گرفتاری پر ان افسران اور اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے انہیں 10، 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

عثمان ججا 2024 میں یونان کشی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی اموات کے ذمہ داروں میں سے ایک تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ججا گینگ کو گرفتار کرنا ایک لائق تحسین عمل ہے، کیونکہ اس گینگ نے پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد نے قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنے اور پاکستان کی بدنامی کا سبب بنے، اور ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اداروں کو اپنی کارروائیاں مزید تیز کرنی ہوںگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ کے مکروہ فعل میں ملوث افراد کئی بے گناہ جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار ہیں، اور اس سے بڑا ظلم انسانی جانوں کے ساتھ کچھ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا پختہ عزم ہے کہ انسانی سمگلنگ کا کالا دھندا مکمل طور پر بند کرایا جائے گا، اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر بلند کرنے میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اور انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرنے والے افسران نے ملک کی عزت بڑھائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اسی اعلیٰ کارکردگی کے ساتھ کام جاری رکھیں تاکہ اس مکروہ جرم کا خاتمہ کیا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں