ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو ایک مذاق قرار دےدیا

 ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو ایک مذاق قرار دےدیا

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ اب وفاقی فنڈنگ کا اہل نہیں رہا۔ ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں ٹرمپ نے ہارورڈ کو "نفرت اور حماقت سکھانے والا ایک مذاق" قرار دیا اور کہا کہ اسے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست سے نکال دینا چاہیے۔

ٹرمپ اور ہارورڈ کے درمیان کشیدگی اُس وقت بڑھی جب یونیورسٹی نے حکومتی دباؤ کے باوجود اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کو مسترد کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق، ٹرمپ نے ہارورڈ کا ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کی دھمکی بھی دی ہے، جب کہ پہلے ہی یونیورسٹی کی 2.2 ارب ڈالر کی وفاقی فنڈنگ روک دی گئی ہے۔

ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ ہارورڈ اپنی داخلہ پالیسی، بھرتیوں اور تعلیمی نظام میں تبدیلی کرے اور اپنے تعلیمی پروگرامز کا مکمل آڈٹ کروائے۔ ادھر، ہارورڈ کے صدر ایلن گاربر نے جواب میں کہا ہے کہ یونیورسٹی اپنی خودمختاری یا آئینی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی جامعات کو اسرائیل مخالف مظاہروں اور ’یہود مخالف جذبات‘ سے جوڑ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کا پس منظر غزہ میں جاری جنگ کے خلاف طلبہ کے احتجاج ہیں۔

مصنف کے بارے میں