صلیبی و یہودی اسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت سے بوکھلا کر شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں، حافظ محمد سعید

صلیبی و یہودی اسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت سے بوکھلا کر شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں، حافظ محمد سعید

لاہور : صلیبی و یہودی اسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت سے بوکھلا کر شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ مسلمان ملک مغربی ملکوں پر واضح کریں کہ گستاخیوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو وہ ان کے ساتھ سفارتی تعلقات اور معاہدے قائم نہیں رکھ سکتے۔ بین الاقوامی سطح پر کسی نبی کی شان میں بھی گستاخی پر اسلامی شریعت کے مطابق سزا کا قانون پاس کروایا جائے۔ مسلمانوں میں غیرت و حمیت ختم ہونے پر غلامیاں و محکومیاں مسلط ہیں.

تفصیلات کے مطابق ،امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمانوں میں غیرت و حمیت ختم ہونے پر غلامیاں و محکومیاں مسلط ہیں۔ امت مسلمہ نبی اکرم ﷺ کی حرمت کے تحفظ کیلئے متحد ہو جائے۔شان رسالت ﷺ میں گستاخیاں اسلام ، قرآن اور مسلمانوں کیخلاف عالمی سازشوں کا حصہ ہیں۔

جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخیاں آج کی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ کبھی امریکی پادری کی طرف سے جیوری بنا کر(نعوذباللہ) قرآن پاک پر مقدمہ چلایا جاتااور ساری دنیا میں دہشت گردی کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے توکبھی نبی اکرم ﷺ کے توہین آمیز خاکے بنائے جاتے اور جھوٹے قصے گھڑے جاتے ہیں۔ خاص طور پر سوشل میڈیاکے ذریعے اسلام، قرآن اور نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخیوں کا سلسلہ پروان چڑھایا جارہا ہے۔ پہلے ناروے اور ڈنمارک کی جانب سے خاکے بنائے گئے اور پھر مغربی ملکوں میں حکومتوں کی سرپرستی میں یہ سلسلہ پھیلتا چلا گیا۔

انہوں نے کہاکہ صلیبیوں و یہودیوں کی طرف سے گستاخیوں کی وجہ محض اسلام دشمنی ہے۔ مسلمانوں کی طرف سے گستاخیوں پر جونہی احتجاج کا سلسلہ ٹھنڈ اہوتا ہے توہین آمیز خاکوں اور قرآن پاک کی بے حرمتی دوبارہ شروع کر دی جاتی ہے۔ ابھی ایک مرتبہ پھر ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا اعلان کیا ہے۔ملعون سیاستدان کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے اوریہ سب کچھ منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا جارہا ہے۔ شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں کیخلاف عوامی احتجاج ضروری ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ صلیبیوں و یہودیوں کی گستاخیاں روکنے کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی بہت ضروری ہے۔ تحفظ حرمت رسول ﷺ کیلئے پوری مسلم امہ کو متحد ہونا ہو گا۔ اسلام، قرآن اور نبی اکرم ﷺ کے دشمنوں سے دوستیاں اللہ کو گوارا نہیں ہیں۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ یہودی اور عیسائی اس بات سے حسد کرتے ہیں کہ دنیا کو سیاسی ومعاشی نظام اور ڈھانچے انہوں نے دینے تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے ختم نبوت کا تاج حضرت محمد ﷺ کے سر پر سجایا اور قیامت تک کیلئے ہدایت کا عملی نمونہ بنا کر پیش کر دیا۔ صلیبی و یہودی اسی حسد کی آگ میں جھلس کرنبی اکرم ﷺ کے(نعوذ باللہ) گستاخانہ خاکے بناتے ہیں اور قرآن پاک کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا جاتا ہے۔مغربی ملکوں میں یہ گستاخیاں اس لئے عام ہو رہی ہیں کہ اسلام دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والادین بن چکا ہے۔ لوگوں کا باطل مذاہب اور سرمایہ دارانہ نظاموں سے اعتبار اٹھ رہا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اسلام کے علاوہ سب نظام فیل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شان رسالت ﷺ میں (نعوذ باللہ )گستاخی مسلمانوں کیلئے غیرت و حمیت کا مسئلہ ہے ۔آج وقت ہے کہ امت مسلمہ اسلام، قرآن اور نبی اکرم ﷺ کی حرمت کے تحفظ کیلئے متحدہو جائے۔ اگر مسلمان ایسا کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کی حکومتوں اور مسلمان ملکوں کا تحفظ کرے گا ۔ جب مسلمان اسلام کے دفا ع کیلئے کھڑے ہوتے ہیں تو پھر آسمانوں سے رحمتیں و برکتیں نازل ہو تی ہیں۔ وہ وقت قریب ہے جب اسلام دنیا میں سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گااور باطل نظام و ڈھانچے ختم ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کیخلاف جس قدر چاہیں دہشت گردی کا پروپیگنڈہ کریں ۔ اسلام کی عظمت کا پرچم دنیا میں بلند ہو کر رہے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالیں۔ نمازوں کی پابندی کریں اور قربانی والا ذہن بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلمان ملکوں کو مغربی ملکوں سے متاثر ہو کر مفاد پرستی پر مبنی نظام نہیں بنانے چاہئیں۔مفاد پرستی کی سیاست، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن سے ملکوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ مسلم امہ کو باطل نظاموں کی غلامی سے آزاد کروانے کی ضرورت ہے