محمد حارث کی دھواں دار بلے بازی، پشاور زلمی کا اسلام آباد کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف 

محمد حارث کی دھواں دار بلے بازی، پشاور زلمی کا اسلام آباد کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 24 ویں میچ میں پشاور زلمی نے محمد حارث اور شعیب ملک کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ محمد حارث نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا تو اوپننگ جوڑی حضرت اللہ زازئی اور محمد حارث نے 73 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر حضرل اللہ زازئی 13 رنز بنا کر لائم ڈاؤسن کی گیند پر مرچنٹ ڈی لینگ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ 
محمد حا رث کی دھواں دار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور وہ حریف ٹیم کے کسی باؤلر کو خاطر میں نہ لائے اور صرف 18 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے رواں سیزن میں تیز ترین 50 رنز مکمل کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ وہ 32 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلی اور وقاص مقصود کی گیند پر محمد موسیٰ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 
یاسر خان نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے اور 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 35 رن زکی اننگز کھیلی۔ سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک بھی بھرپور فارم میں نظر آئے اور 23 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر اچھا ہدف دینے میں اپنا حصہ ڈالا۔ دیگر بلے بازوں شرفین ردر فورڈ 16، لائم لیونگسٹن 9، حسین طلعت 8 رنز بنا سکے جبکہ وہاب ریاض اور بین کٹنگ بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہوئے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 33 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور وقاص مقصود نے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لائم ڈاؤسن ، ظاہر خان اور مرچنٹ ڈی لینگ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت آصف علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمن اللہ گرباز، مبصر خان، دانش عزیز، لائم ڈاؤسن، اعظم خان، فہیم اشرف، وقاص مقصود، موسی خان، مرچنٹ ڈی لینگ اور ظاہر خان شامل ہیں۔ 
پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حضرت اللہ زازئی، بین کٹنگ، محمد حارث، شعیب ملک، حسین طلعت، شرفین ردرفورڈ، سلمان ارشاد، لیام لیونگسٹن، عثمان قادر اور یاسر خان شامل ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں