عثمان خواجہ کی دھواں دار بلے بازی، اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی کو 248 رنز کا ہدف

عثمان خواجہ کی دھواں دار بلے بازی، اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی کو 248 رنز کا ہدف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 26 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عثمان خواجہ کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت پشاور زلمی کو 248 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے عثمان خواجہ نے بلے پشاور زلمی کے باﺅلرز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور 56 گیندوں پر 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 105 رنز بنا ڈالے۔ دیگر بلے بازوں میں کولن منرو 48، آصف علی 43 اور برینڈن کنگ 46 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے ثمین گل سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 56 رنز کے عوض 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شعیب ملک نے 2 اوورز میں 14 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت عثمان خواجہ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، برینڈن کنگ، محمد اخلاق، افتخار احمد، حسین طلعت، آصف علی، حسن علی، ظفر گوہر، فواد احمد اور عاکف جاوید شامل ہیں۔ 
پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حضرت اللہ زازئی، کامران اکمل، امام الحق، شعیب ملک، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، ابرار احمد، عمید آصف، وقار سلام خیل اور ثمین گل شامل ہیں۔