اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ، انٹربینک میں معمولی کمی

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ، انٹربینک میں معمولی کمی

کراچی: زرمبادلہ کی انٹربینک مارکیٹ میں پیر کے روز امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کے برعکس ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مثبت پیشرفت اور جلد اسٹاف لیول معاہدے کی توقعات نے انٹربینک مارکیٹ میں روپے کو مستحکم رکھا۔ مزید برآں، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، رمضان المبارک میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافے اور مستقبل میں مزید انفلوز کی امیدوں نے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان پیدا کیا۔

کاروباری دن کے دوران، انٹربینک مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر 25 پیسے سستا ہوکر 279 روپے 96 پیسے پر آگیا، تاہم دن کے اختتام پر 5 پیسے کی مجموعی کمی کے بعد ڈالر 280 روپے 16 پیسے پر بند ہوا۔

اس کے برعکس، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 3 پیسے کا اضافہ ہوا، جس سے اس کی قیمت 281 روپے 98 پیسے تک پہنچ گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ طے پا جاتا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آتی ہے تو روپے کی قدر مزید مستحکم ہو سکتی ہے، تاہم کرنسی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔