ستمبر 2023، مہنگائی کے لحاظ سے دنیا بھر میں پاکستان کا تیسرا نمبر

ستمبر 2023، مہنگائی کے لحاظ سے دنیا بھر میں پاکستان کا تیسرا نمبر
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان ستمبر2023 میں مہنگائی کے دباؤ کے حوالے سے دنیا بھر میں 31.4 فیصد کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔

  کنزیومر پرائس انڈیکس کی بنیاد پر پاکستان میں مہنگائی مئی 2023میں38فیصد، جون میں29.4فیصد جولائی میں 28.3فیصد اور اگست میں 27.4 فیصد تھی۔پاکستان میں مہنگائی کی شرح ستمبر 2023 میں 31.4 فیصد کے اردگرد ہے وہ گزشتہ سال اسی مہینے کے دوران 23.2 فیصد تھی۔

 پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد اب پاکستان میں ماہانہ مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہونے کی توقع ہے کیونکہ تیل کی قیمتیں گھٹیں گی اور گزشتہ اکتوبر کی نسبت اعلیٰ بیس ایفکٹ دیکھنے کو ملے گا۔

دیگر دوعلاقائی ریاستیں جو پاکستان سے آگے ہیں ان میں ترکی اور ایران شامل ہیں۔  گزشتہ برس کے مہنگائی کے دباؤ کے علاقائی ڈیٹا کے مطابق ترکی میں مہنگائی کی شرح 61.5 فیصد پر ہے جب کہ ستمبر 2022 میں یہ 83.5 فیصد تھی جبکہ ترکی میں اگست2023میں مہنگائی کی شرح 58.9فیصد تھی۔ایران میں ماہانہ مہنگائی کی شرح 39.5فیصد تک ہلکی سی گری ہے یہ گزشتہ برس ستمبر میں 39.6 فیصد تھی جبکہ  اگست 2023 میں مہنگائی کی یہ شرح 39.8فیصد تھی۔

 سری لنکا جو چند ماہ قبل دیوالیہ ہوگیا تھا وہاں مہنگائی کم ترین یعنی 1.3 فیصد پر کھڑی ہے واضح رہے کہ ستمبر 2022 میں یہ شرح 69.8 فیصد تھی۔چین میں مہنگائی کی شرح 0 فیصد ،سری لنکا میں اگست 2023 میں مہنگائی کی شرح 4 فیصد تھی ،جولائی 2023 میں 6.3 فیصد اور جون 2023 میں 12 فیصد تھی۔

بنگلہ دیش میں رواں اور گزشتہ مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر رہی۔ 

مصنف کے بارے میں