“دہشت گردی کے خلاف جہاد جاری رہے گا، دشمن ہماری ترقی سے خائف ہیں” : وزیراعظم شہباز شریف

 “دہشت گردی کے خلاف جہاد جاری رہے گا، دشمن ہماری ترقی سے خائف ہیں” : وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد : اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر کے سیکیورٹی اداروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں دہشت گردی، سمگلنگ، انسانی اسمگلنگ، اور سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "دہشت گردوں کو ایسی شکست دیں گے کہ دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کریں گے۔" انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ہماری معاشی ترقی اور کامیابیوں سے خائف ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کا مشترکہ فرض ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوان اپنی جانوں کی قربانی دے کر ملک کو محفوظ بنا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے تمام اداروں اور صوبوں کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت، صوبوں کی استعداد کار بڑھانے میں ہر ممکن مدد دے گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں ،انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ بھکاری مافیا کے خلاف بھی ملک گیر کریک ڈاؤن کیا جائے ، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور سیف سٹی منصوبوں میں تیزی لائی جائے ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نیکٹا میں نیا قومی و صوبائی انٹیلی جنس سینٹر قائم کر دیا گیا ہے ۔پنجاب کے 10 شہروں میں سیف سٹی منصوبے فعال ہیں جبکہ ، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی شہروں میں سیف سٹی پروجیکٹس زیر تعمیر ہیں۔ گوادر، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، اور دیگر اہم شہروں میں منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے تاہم اہم شاہراہوں پر ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیران، تمام صوبوں اور علاقوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز، اسلام آباد پولیس کے سربراہان، اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔

مصنف کے بارے میں