پی ایس ایل 10:کراچی کنگز کی شاندار جیت، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز سے شکست

پی ایس ایل 10:کراچی کنگز کی شاندار جیت، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز سے شکست

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ جیمز ونس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 70 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 31 اور ٹم سیفرٹ نے 27 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 176 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 119 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ سعود شکیل صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ محمد عامر 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے تین اور محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کر کے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کیا۔

میچ کے آغاز پر کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ وکٹ خشک دکھائی دے رہی ہے، اور پچھلے میچ میں اوس نہ ہونے کے باعث پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر اور علی ماجد نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سعود شکیل (کپتان)، فن ایلن، حسن نواز، کوشال مینڈس (وکٹ کیپر)، رایلی روسو، خواجہ نافع، فہیم اشرف، سین ایبٹ، محمد عامر، ابرار احمد، علی ماجد

کراچی کنگز: ڈیوڈ وارنر (کپتان)، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، محمد ریاض اللہ، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی، میر حمزہ