سینیٹ انتخابات سے قبل اپوزیشن کا مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ

سینیٹ انتخابات سے قبل اپوزیشن کا مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ
کیپشن: سینیٹ انتخابات سے قبل اپوزیشن کا مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات سے قبل مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ڈی ایم اجلاس جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پشاور میں ہوا۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز ، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف و دیگر شریک ہوئے تاہم بلاول بھٹو زرداری اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

پی ڈی ایم اسٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکا کے لیے ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا۔ جمعیت علمائے اسلام ف سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں سینیٹ انتخابات لڑنے پر متفق ہیں اور سینیٹ انتخابات میں متفقہ امیدوار لانے کے لیے جلد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہو گا۔ پی ڈی ایم جماعتیں سینیٹ انتخابات میں حکومت کے اتحادی جماعتوں سے بھی رابطے کریں گی اور پی ڈی ایم جماعتیں مشترکہ سینیٹ الیکشن لڑنے کے بعد مشترکہ چئیرمین بھی لائے گی۔ پی ڈی ایم 9 فروری کو حیدر آباد میں جلسہ کرے گی۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا جب کہ 23 اکاونٹس کی تفصیلات بھی سامنے لانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے گھر پنڈی اسلام آباد کی مقامی قیادت کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔ اجلاس میں حنیف عباسی، مریم اورنگزیب، طارق فضل چوہدری، سینٹر نزہت صادق، ملک ابرار، انجم عقیل خان اور دانیال چوہدری شریک ہوئے۔ اجلاس میں ٹکٹ ہولڈرز اور عہدے داروں نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں پی ڈی ایم کی ریلی کو کامیاب بنانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق مقامی قیادت کو زیادہ سے زیادہ لوگ لانے کا ٹاسک دیا گیا۔