ٹیسٹ کے پہلے دن اننگز ڈیکلیئر کرکے شائقین کرکٹ کو حیران کرنے والی انگلش ٹیم کو عثمان خواجہ نے پریشان کردیا 

ٹیسٹ کے پہلے دن اننگز ڈیکلیئر کرکے شائقین کرکٹ کو حیران کرنے والی انگلش ٹیم کو عثمان خواجہ نے پریشان کردیا 
سورس: Twitter

برمنگھم : آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ انگلش باؤلرز کے سامنے دیوار بن گئے  اور شاندار سنچری اسکور کرکے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی پوزیشن بہتر بنادی ہے۔پہلے ہی دن اننگز ڈیکلیئر کرکے آسٹریلیا کو جلد آؤٹ کرکے برتری حاصل کرنے کے انگلینڈ کے خواب چکنا چور ہوگئے۔ 

 آسٹریلیا نے برمنگھم میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز 14 رنز بغیر کسی نقصان سے اپنی اننگز کی شروعات کی اور دن کے اختتام تک 5 وکٹ پر 311 رنز بنالیے، میزبان ٹیم کو تاحال مہمان ٹیم پر 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ڈیوڈ وارنر 9 رنز بناکر ہی عثمان خواجہ کا ساتھ چھوڑ گئے، اس کے بعد مارنوس لیبوشن صفر پر پویلین لوٹ گئے، لگاتار دو وکٹ گرنے پر انگلش ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی۔

تاہم عثمان خواجہ نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ مل کر پہلے ٹیم کا اسکور 67 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر اسمتھ صرف 16 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

اس کے بعد ٹریوس ہیڈ اور عثمان خواجہ کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ہیڈ نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی، پھر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔

پانچویں وکٹ پر عثمان خواجہ نے کیمرون گرین کے ساتھ مل کر 72 رنز کا اضافہ کیا، اس دوران آسٹریلوی اوپنر نے سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود کیمرون گرین 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ایلکس کیری اور عثمان خواجہ نے چھٹی وکٹ پر 91 رنز کی شراکت قائم کرلی ہے اور ٹیم کا اسکور 5 وکٹ پر 311 رنز تک پہنچا دیا ہے۔

عثمان خواجہ 126 جبکہ ایلکس کیری 52 رنز پر ناقابل شکست ہیں، تاہم آسٹریلیا کو انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کےلیے مزید 82 رنز درکار ہیں۔

 واضح رہے کہ پہلے ہی دن آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ نے زبردست فیصلہ کرکے شائقین کرکٹ کو حیران کردیا تھا ۔ انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 393 رنز8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ 

مصنف کے بارے میں