غیرملکی فنڈنگ ثابت ہونے کے باوجود کارروائی نہ ہونا پریشان کن ہے، پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی کی جائے: اکبر ایس بابر کا وزیر داخلہ کو خط

غیرملکی فنڈنگ ثابت ہونے کے باوجود کارروائی نہ ہونا پریشان کن ہے، پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی کی جائے: اکبر ایس بابر کا وزیر داخلہ کو خط

 اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پارٹی کے خفیہ اکاؤنٹس کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کو لکھے گئے خط میں پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کو 20 ماہ ہوچکے ہیں تاہم عمل درآمدا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ نشاندہی کے باوجود پی ٹی آئی کے غیر ملکی بینک اکاؤنٹس سے متعلق تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی۔ غیر قانونی غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کا ملک دشمن کارروائیوں میں استعمال ہونا خارج از امکان نہیں۔

   

اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہونے کے باوجود اس قومی سلامتی کے معاملہ پر مفصل اور بھرپور قانونی کارروائی سامنے نہیں آئی جو پریشان کن بات ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے اگست 2022 کے فیصلے کے تمام پہلوؤں پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے۔

پی ٹی آئی کے سابق رہنما نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا بیرونی ممالک میں بینک اکاؤنٹس کھولنا اور خفیہ رکھنا جرم ہے۔ ان تمام پاکستانی شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے جو ان خفیہ غیر ملکی اور غیر قانونی اکاؤنٹس کو استعمال کرتے ہوئے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں