اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے اور ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیتا ہے اور ملک کی ترقی کے لیے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں ایسٹر کو اُمید اور تجدید کا پیغام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات انسانیت، انکساری اور محبت کا درس دیتی ہیں۔ وزیراعظم نے مسیحی برادری کی خدمات اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری قومی ترقی کا فخر ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مسیحی برادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایسٹر خوشیوں اور محبت کا تہوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے نہ صرف تحریکِ پاکستان میں اہم کردار ادا کیا بلکہ آج بھی ملک کی خدمت میں پیش پیش ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایسٹر کو اُمید اور خوشی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر مذہبی تہوار ہمیں باہمی محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ تمام رہنماؤں نے اس موقع پر بھائی چارے، اتحاد، اور ایک پُرامن و خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔