کراچی : وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان متنازعہ کینالز کے مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے اس حساس معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی ہدایت پر سندھ کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
شرجیل میمن نے اس موقع پر واضح کیا کہ سندھ حکومت پہلے ہی ہر فورم پر اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کو متنازعہ کینالز منصوبے پر شدید تحفظات ہیں اور وہ 1991 کے پانی کے معاہدے کی روشنی میں منصفانہ تقسیم چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے بھی مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کا حل افہام و تفہیم سے نکالا جانا چاہیے۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بیان میں کہا کہ کینالز کے مسئلے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، بلکہ اتحادی جماعت کے تحفظات کو دور کر کے معاملہ خوش اسلوبی سے نمٹایا جائے گا۔ وزیر مملکت مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے واضح کیا کہ کینالز منصوبہ تاحال ایکنک سے منظور نہیں ہوا، اور وفاقی حکومت کسی بھی صورت میں یکطرفہ فیصلہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان دراڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں، تاہم دونوں جماعتیں متحد ہیں اور ایسی کسی بھی سازش کو ناکام بنائیں گی۔