لاہور : پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں جاری سکول میل پروگرام کو مزید 10 اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس توسیعی منصوبے پر مزید 15 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے اور اس پر عملدرآمد اگلے مالی سال سے شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، موجودہ پروگرام کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث نہ صرف بچوں کی سکولوں میں حاضری بڑھی ہے بلکہ انرولمنٹ میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، سکول میل پروگرام کے تحت 55 ہزار 757 نئے طلبہ کا اندراج ہوا، اور اب تک کے مرحلے میں 4 ارب روپے کی لاگت سے 4 کروڑ دودھ کے ڈبے فراہم کیے جا چکے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے عالمی اداروں سے فنڈنگ بھی حاصل کی جائے گی تاکہ بچوں کو غذائیت بخش خوراک فراہم کر کے ان کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے.