غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا انخلا، صرف10 دن باقی

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا انخلا، صرف10 دن باقی
سورس: File

اسلام آباد:  غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنےکی مہلت میں صرف10 دن باقی رہ گئے ہیں ،31 اکتوبر تک غیر قانونی افراد کا ہر صورت پاکستان سے انخلاء ناگزیر ہے۔

وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی باشندوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 31 اکتوبر کے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو مزید ایک دن کی بھی مہلت فراہم نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی افراد کے انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے تمام علاقوں میں ایکشن کیا جائے گا جہاں غیر قانونی غیر ملکی آباد ہیں اور ان افراد کیخلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی جو ان کو پناہ دیں گے۔ 

وزارت داخلہ کے مطابق معینہ مدت کے بعد غیر قانونی افراد کو پاکستان نہ چھوڑنے کی صورت میں گرفتاری اور ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 حکومتی اعلان کے بعد پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز 1341 مرد، 986 خواتین اور 2096 بچے اپنے ملک چلے گئے۔ اب تک کل 56,179 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

پاکستان 40 سال سے زیادہ عرصے سے 1.95 ملین افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا۔ قومی مفادات کے تحفظ کیلئے غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری ضروری ہے۔ کارروائی ان غیر قانونی افغان تارکین وطن کیخلاف ہے جو مسائل پیدا کر رہے ہیں ۔  1.7 ملین غیر قانونی افغان تارکین پاکستان میں دہشت گردی اور مالی جرائم کے حوالےسے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ ان کی وجہ سے جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرے  گی۔ 

مصنف کے بارے میں