وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےآئی ایم ایف کو اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےآئی ایم ایف کو اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی

واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں پاکستان کی معیشت، جاری اصلاحات اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے موسم بہار اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقاتوں میں سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ نے سٹاف سطح کے حالیہ معاہدے پر شکریہ ادا کیا اور معیشت کے پائیدار استحکام کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خزانہ نے ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے، سرکاری اداروں کی نجکاری اور دیگر معاشی اصلاحات کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آئی ایم ایف سربراہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دہرائی۔ عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی اہمیت پر زور دیا اور دونوں فریقین کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری برائے بین الاقوامی امور رابرٹ کیپروتھ سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاکستان کی معاشی صورتحال، ترقیاتی اہداف اور جاری اصلاحات سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی نائب صدر ہیلا شیخ روحو سے بھی ملاقات کی، جس میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری، اصلاحات، اور توانائی منتقلی کے امور زیر بحث آئے۔

دورہ واشنگٹن کے دوران سینیٹر اورنگزیب نے امریکی کاروباری رہنماؤں اور ڈیلوئٹ کمپنی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، معدنی وسائل کی تلاش اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مصنف کے بارے میں