ایف بی آر میں اصلاحات، رشوت کا خاتمہ اور معیشت کی خود کفالت حکومت کی ترجیح: وزیر خزانہ

ایف بی آر میں اصلاحات، رشوت کا خاتمہ اور معیشت کی خود کفالت حکومت کی ترجیح: وزیر خزانہ

لاہور:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو پائیدار ترقی اور معاشی خود مختاری کی جانب بڑھانا ہے تو ہمیں کرپشن اور غیر شفاف ٹیکس نظام سے جان چھڑانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کا عمل تیز کیا جا رہا ہے، جہاں دیانت دار اور قابل افسران تعینات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "چوری اور رشوت صرف سرکاری افسر کی ذمہ داری نہیں، تاجر طبقہ بھی اس میں شریک ہوتا ہے۔

وزیر خزانہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت کا اصل ہدف عام آدمی کو فائدہ پہنچانا اور ملک کو آئی ایم ایف سے آزاد کرانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ٹیکس اور توانائی کے شعبے درست ہو جائیں تو پاکستان کی معیشت پٹری پر آ سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریٹرن کا آسان، موبائل دوست فارم متعارف کرانے جا رہی ہے تاکہ دفاتر کے چکر اور مشکلات سے نجات حاصل ہو۔

وزیر خزانہ نے سرکاری اداروں کے سالانہ 800 ارب روپے سے زائد خسارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 24 اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے اب خسارے سے نکل چکی ہے اور نجکاری کا عمل جلد دوبارہ شروع ہو گا۔

انہوں نے ماحولیاتی آلودگی، بڑھتی آبادی اور تعلیمی بحران کو بڑے چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہمیں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلی جیسے سنگین مسائل کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔