پی ٹی سی ایل کا بڑا اقدام، جدید افریقہ-1 کیبل سسٹم پاکستان میں متعارف

پی ٹی سی ایل کا بڑا اقدام، جدید افریقہ-1 کیبل سسٹم پاکستان میں متعارف

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے پاکستان کو جدید افریقہ-1 سب میرین کیبل سے منسلک کر دیا، جس سے ملک میں ڈیجیٹل اور ٹیلی کام سروسز میں نمایاں بہتری آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق 10 ہزار کلومیٹر طویل یہ کیبل سسٹم جدید ترین ٹیکنالوجیز پر مشتمل ہے، جو پاکستان کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، سوڈان، الجیریا، فرانس، کینیا اور جبوتی سمیت اہم بین الاقوامی مقامات سے جوڑے گا۔ یہ کیبل کراچی میں پی ٹی سی ایل ایکسچینج سے منسلک کی گئی ہے، جبکہ کمپنی نے افریقہ-1 کیبل سسٹم کنسورشیم میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے عالمی ڈیجیٹل نیٹ ورکس سے روابط کو مضبوط کرنے اور قومی ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کے ’ڈیجیٹل وژن 2030‘ کے مطابق ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔

پی ٹی سی ایل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے کے لیے کام جاری رہے گا تاکہ عوام کو عالمی معیار کی انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ افریقہ-1 کیبل سسٹم 2026 کے اوائل میں فعال ہو جائے گی، جس کے بعد صارفین کو مزید تیز رفتار اور مستحکم انٹرنیٹ سروسز میسر آئیں گی۔