فیصل آباد :وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے مزید قرض دینے کے لیے شرط رکھی ہے کہ پاکستان ٹیکس ریفارمز کرے، اور وزیراعظم اس بات پر پورے طور پر واضح ہیں کہ حکومت جو اصلاحات لارہی ہے، وہ ملک کی معاشی حالت بہتر کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان سے پہلے اور اس کے دوران مختلف شعبوں میں بہتری لانے کے لیے کام جاری ہے، جن میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ایک نیا آن لائن فارم جمع کرانے کا عمل شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نومبر تک سات مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی تفصیلات آن لائن فارم کے ذریعے جمع کرا سکیں گے۔ اس کے علاوہ، وزیر خزانہ نے حکومت کے اخراجات کم کرنے کے لیے مختلف وزارتوں کو ضم کرنے اور ان کے موثر استعمال کے منصوبوں کا ذکر بھی کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں عالمی تجارتی پالیسی کے بجائے ریجنل ٹریڈ کو فروغ دینے پر زور دیا گیا تھا، جس پر پاکستان بھی اپنے اقدامات کو ترتیب دے رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس وقت بہت مشکل فیصلے کر رہی ہے اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرنے کے لیے پوری کوششیں کر رہی ہے۔