ریکوری کا عمل تیز، وزیر اعظم کی ایف بی آر کو مستقل پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت

ریکوری کا عمل تیز، وزیر اعظم کی ایف بی آر کو مستقل پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہائیوں سے جاری خرابیوں کو درست کرنے کے لیے مستقل اور مؤثر اصلاحات ضروری ہیں۔ وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جہاں 34.5 ارب روپے کی ریکوری پر حکام اور متعلقہ وزرا کو سراہا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 24 گھنٹوں کے اندر حاصل کی گئی ریکوری ایک بڑی کامیابی ہے، جو ثابت کرتی ہے کہ اگر محنت اور لگن سچی ہو تو مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ یہ محض ایک آغاز ہے اور ہمیں ایک مستقل اور پائیدار نظام تشکیل دینا ہوگا۔


اجلاس میں وزیر اعظم نے ایف بی آر کو ہدایت دی کہ ریکوری کے لیے مربوط اور مستقل قانونی ڈھانچہ تیار کیا جائے۔ ٹیکس قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔ ایف بی آر کی افرادی قوت کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی منصوبہ پیش کیا جائے۔ 100 فیصد ڈیجیٹائزیشن، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اور مسلسل نگرانی سے شفافیت کو فروغ دیا جائے۔


وزیر اعظم نے اس موقع پر زور دیا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ مزید بہتر کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں بنیادی اور مستقل تبدیلیاں ناگزیر ہیں تاکہ عوام کی کمائی کی ہر پائی کی حفاظت کی جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔