نوشکی میں پولیس موبائل پر فائرنگ، چار اہلکار جاں بحق

نوشکی میں پولیس موبائل پر فائرنگ، چار اہلکار جاں بحق

نوشکی: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ غریب آباد کے قریب اس وقت پیش آیا جب گشت پر مامور پولیس ٹیم پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے چار پولیس اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کے بعد شہید اہلکاروں کی میتیں اسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔


وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوشکی میں پولیس پر حملے اور مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن دشمنوں کو چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی اور سیکیورٹی فورسز کو سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔


قبل ازیں بلوچستان کے ضلع قلات میں منگچر کے علاقے میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ پرتشدد واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں اور ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔