نوشکی : بی ایل اے کے دہشت گردوں کا ایف سی کے قافلے پر حملہ ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

نوشکی : بی ایل اے کے دہشت گردوں کا ایف سی کے قافلے پر حملہ ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

نوشکی : بلوچستان کے علاقے نوشکی میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے ایف سی کے قافلے پر خودکش حملے اور بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار اور 2 شہری شہید ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ دالبندین روڈ پر صبح سویرے کیا گیا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، جس میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے اور دہشت گردوں کے بھاگنے والے تمام راستوں کو بلاک کر دیا گیا ہے۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی دہشت گردی کی کارروائیاں دہشت گردوں کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے، اور ایسے حملے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوشش ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بھی اس دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم دہشت گردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

مصنف کے بارے میں