منیب بٹ نے اہلیہ ایمن خان کے ساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

منیب بٹ نے اہلیہ ایمن خان کے ساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

لاہور:پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور دیپیکا پڈوکون کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خبروں کی حقیقت واضح کر دی۔

حال ہی میں نیو  چینل کے ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے منیب بٹ نے بتایا کہ انہیں بھارت سے ایک فلم کی آفر ہوئی تھی، مگر وہ پنجابی فلم تھی، جس کی شوٹنگ کینیڈا یا لندن میں ہونا تھی، تاہم فلم کی شوٹنگ ہی نہ ہو سکی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالیہ بھٹ یا دیپیکا پڈوکون کے ساتھ کام کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔


منیب بٹ نے انکشاف کیا کہ ان کا بچپن میں فورسز میں جانے کا خواب تھا، لیکن قسمت نے انہیں اداکاری کی دنیا میں لے آیا۔ انہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے حوالے سے بتایا کہ مختلف ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرکے ان کی اردو بہتر ہوئی۔


اداکار نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بتایا کہ وہ عام مردوں کے برعکس کھانا پکانے میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی اہلیہ، اداکارہ ایمن خان، کو رات کے وقت کچھ کھانے کا دل کرے تو وہ خود ان کے لیے کچھ تیار کر دیتے ہیں اور انہیں کچن میں جانے نہیں دیتے۔


منیب بٹ نے اپنے بچپن کی ایک دلچسپ کہانی سناتے ہوئے بتایا کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں وہ والد کی الیکٹرانکس کی دکان پر بیٹھتے تھے اور دراز میں رکھے کیش سے روزانہ 500 روپے چرا کر اپنی گلّک میں ڈال لیتے تھے۔ جب یہ راز کھلا تو انہیں سخت مار پڑی۔


منیب بٹ نے انکشاف کیا کہ شادی کے بعد انہوں نے اپنی اہلیہ ایمن خان کے ساتھ کوئی پروجیکٹ نہیں کیا۔ ان کے مطابق میاں بیوی کا ایک ساتھ کام کرنا مشکل ہوتا ہے۔


اداکار نے کہا کہ کیریئر کے ابتدائی سالوں میں وہ ناکامی کے خوف میں مبتلا تھے اور یہی ڈر ان کی صلاحیتوں کو محدود کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ کئی منفرد کردار اس خوف کے باعث چھوڑ دیے، جو کہ ان کے کیریئر میں ایک بڑی رکاوٹ ثابت ہوا۔

منیب بٹ کی اس گفتگو نے ان کی زندگی کے کئی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان کے مداحوں کو ان کی شخصیت کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔