پی ایس ایل 7 کے کامیاب انعقاد کیلئے حفاظتی پروٹوکولز جاری کر دئیے گئے

پی ایس ایل 7 کے کامیاب انعقاد کیلئے حفاظتی پروٹوکولز جاری کر دئیے گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے حفاظتی پروٹوکولز جاری کر دئیے ہیں جن کی خلاف ورزی پر مختلف پابندیاں عائد کی جائیں گی جبکہ میچ جرمانوں کیساتھ ساتھ لیگ سے باہر ہونے کی سزا بھی مل سکتی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کا ساتویں ایڈیشن 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے جس کے دوسرے مرحلے کے میچز 10 فروری سے لاہور میں ہوں گے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے حفاظتی پروٹوکولز میں ٹیسٹنگ کے حوالے سے ایونٹ کے شرکاءکیلئے 20 جنوری سے روم آئیسولیشن کا آغاز ہو چکا ہے اور انہیں کورونا وائرس کے 2 منفی ٹیسٹ آنے پر ’مینجڈ ایونٹ اینوائرمنٹ‘ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ 
پی سی بی کے مطابق ایونٹ کے دوران اگر کسی بھی ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آتا ہے تو مذکورہ فرد کو 7 دن کیلئے آئیسولیشن میں رکھا جائے گا اور پھر اسے اینٹیجن ٹیسٹنگ کا رزلٹ منفی آنے پر دوبارہ منیجڈ ایونٹ اینوائرمنٹ میں داخلے کی اجازت مل سکے گی لیکن ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں اسے مزید 3 روز کیلئے قرنطینہ اختیار کرنا ہو گا۔ 
پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کو ہوٹل کی علیحدہ منزل پر کمرے دئیے گئے ہیں، تین روزہ روم آئیسولیشن کے دوران صفائی والوں سمیت ہوٹل کے عملے کو بھی کمروں میں داخلے کی اجازت نہیں ہے جبکہ اس دوران تمام ضروری سامان بھی کمروں کے باہر ہی رکھا جائے گا تاہم قرنطینہ مکمل کرنے کے بعدصفائی والے عملے کو کمروں کے اندر مہمانوں کی عدم موجودگی میں ہی جانے کی اجازت ہو گی۔ 
میچ کے دوران کھلاڑی گیند پر تھوک کا استعمال نہیں کرسکتے اور تمام کھلاڑیوں کو صرف اپنے سامان کو استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اورمیچ آفیشلز سے ملاقات سے 48 گھنٹے قبل گراو¿نڈ سٹاف میں شامل تمام ارکان کی پی سی آر ٹیسٹنگ بھی کروائی جائے گی۔