ملتان: ملتان کے جوڈیشل عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار مفتی عبدالقوی کے پولیس ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مفتی عبدالقوی کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا تھاتاہم آج ایمبولینس میں بیان ریکارڈ کرانے کے بعد کے ان کے پولیس ریمانڈ میں توسیع کی۔ ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے مفتی عبدالقوی کے بجائے عدالت میں ان کی میڈیکل رپورٹ پیش کی۔تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ پرویز خان نے رپورٹ مسترد کرتے ہوئے تفتیشی افسر آصف شہزاد کو ایک گھنٹہ میں مفتی قوی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالتی حکم پر پولیس سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کنٹونمنٹ ڈاکٹر فہد کی نگرانی میں مفتی قوی کو ایمبولینس میں لے کر عدالت پہنچی۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے خود ایمبولینس میں جا کر بیان رکارڈ کیا جس کے بعد انہیں دوبارہ پرویز الہٰی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیلوجی منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 18 اکتوبر کو ملتان کی سیشن عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد مفتی قوی احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے تھے۔