پی ٹی آئی کا ہر کارکن گھر سے نکلے اور تبدیلی کے حق میں ووٹ دے,عبدالعلیم خان

 پی ٹی آئی کا ہر کارکن گھر سے نکلے اور تبدیلی کے حق میں ووٹ دے,عبدالعلیم خان

 لاہور:عمران خان کی 22سالہ سیاسی جدوجہد فیصلہ کن موڑ پر ہے ،ہر شہری ووٹ ڈالے-

تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آج کا دن قومی سیاسی تاریخ میں یاد گار اہمیت کا حامل ہے کرپشن اور روائتی سیاسی نظام کے خلاف عمران خان کی سیاسی جدوجہد فیصلہ کن موڑ پر ہے ،ہر پاکستانی شہری اور پی ٹی آئی کے کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ موسم سمیت کسی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر گھروں سے باہر  نکلیں  اور اُس نظام کے خلاف تبدیلی کا اعلان کرٰٰیں۔

جس نے گزشتہ 70برسوں میں پاکستانیوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہیں کیں عبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی و اقتصادی حالات جس قدر آج خراب ہیں پہلے کبھی نہیں تھے گزشتہ35برسوں میں اقتدار کی باریا ں لینے والوں نے ملک کو قرضوں ، بے روزگاری ،بد امنی اور خراب تر صورتحال کے علاوہ کچھ نہیں دیا لوگوں کے منہ سے دو وقت کا نوالہ بھی چھین لیا گیا-

لاہور جیسے شہر میں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ 25جولائی کا دن ہر پاکستانی سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے تبدیلی کے کارواں کا حصہ بنے اور با شعور شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ووٹ ڈالے ،انہوں نے کہا کہ تمام تر خدشات کے باوجود شہریوں نے انتخابی مہم میں شاندار جو ش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے اور اب اس مہم کے ثمر آور ہونے کا وقت ہے ، عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پولنگ ڈے پر کسی تاخیر کے بغیر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور ایک ایک ووٹ کی حفاظت کریں۔