لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جناح ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں مریضوں اور ان کے لواحقین کی جانب سے متعدد شکایات سامنے آئیں۔ وزیراعلیٰ نے فوری طور پر ہسپتال کے انتظامی افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ہسپتال کے پرنسپل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو معطل کر دیا۔
دورے کے دوران، مریم نواز نے ہسپتال کے میڈیسن اسٹور کا معائنہ کیا اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مریضوں کی شکایات پر وزیراعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے لیے انتظامیہ کو واضح احکامات دیے۔
وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں اور تیمارداروں سے بات کی اور ان کی مشکلات کو سنا۔ انہوں نے اسپتال میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں فوری بہتری کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔