معروف شاعرہ پروین شاکر کا 68 واں یومِ پیدائش 

Famous Poet Parveen Shakir's 68th Birthday
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور : پاکستان کی معروف ترین شاعرہ پروین شاکر کا آج 68 واں یومِ پیدائش ہے ، پروین شاکر کے چاہنے والوں نے اس اہم موقع پر مشاعروں کا اہتمام کیا ہے ۔

 

تفصیلات کے مطابق  محبتوں اور خوشبوؤں کو شعروں میں ایک خاص انداز میں سمونے والی شاعرہ  پروین شاکر 24 نومبر 1952 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔پروین شاکر نے چھوٹی سے عمر سے ہی شاعری میں قدم رکھ دیا تھا،پروین شاکر کے والد کا نام سید شاکر حسین تھا ، جبکہ ان کے نانا حسن عسکری نے انہیں ادبی دنیا میں روشناس کروانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا۔

پروین شاکر کی خوش قسمتی تھی کہ شاعری کی دنیا میں قدم رکھتے ہی انہیں احمد ندیم قاسمی جیسے نامور ادیب کی سرپرستی نصیب ہوئی ، ان کی معروف کتابوں میں خوشبو ، صدبرگ ،خود کلامی ، انکار اور ماہ تمام شامل ہیں ۔پروین شاکر تعلیمی دور کے اوائل سے ہی اردو مباحثوں اور مختلف علمی و ادبی پروگراموں میں شرکت کرتی رہی ہیں ، تعلیم مکمل کرنے کے بعد 9 سال  شعبہ تعلیم و تدریس سے منسلک رہیں ۔ 

انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوشبو کی شاعرہ کے نام سے بھی جانا جاتاہے ، پروین شاکر نے اردو غزل کی رومانوی کیفیت کو نسوانی آہنگ سے نوازا اور ان کی پہلی ہی کتاب " خوشبو" کو ایوارڈ سے نواز گیا۔پروین شاکر کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی دیا گیا ۔ پروین شاکر 26 دسمبر 1994 کو اسلام آباد میں ایک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں ۔

مگر ان کے الفاظ کے انتخاب اور لہجے کی شفتگی کا سحر آج بھی زندہ ہے ۔ ان کے چاہنےوالے مشاعروں میں ان کا کلام پڑھتے ہیں ۔