فرح گوگی ، شیخ رشید کے خلاف تحقیقات ری اوپن، عثمان بزدار اور پرویز الہٰی کے دور کے ترقیاتی کاموں کا ریکارڈ طلب 

فرح گوگی ، شیخ رشید کے خلاف تحقیقات ری اوپن، عثمان بزدار اور پرویز الہٰی کے دور کے ترقیاتی کاموں کا ریکارڈ طلب 
سورس: File

لاہور : پرویز الہی دور میں اینٹی کرپشن میں ختم کیے گئے تمام کیسز کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔  محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم  عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف نئے سرے سے انکوائری  شروع کردی گئی ہے۔

ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ فرح گوگی کے خلاف درج تمام مقدمات کی نئے سرے سے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔ انہوں نے اثر و رسوخ سے زرعی زمین سستے داموں فروخت کروائی تھی، فرح گوگی کا کیس ایف آئی اے کو بھی بھجوایا جائے گا۔

سہیل ظفر نے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف انکوائری کو بھی ری اوپن کر دیا گیا۔ رنگ روڈ اسکینڈل کی فائل بھی دوبارہ انکوائری کیلئے اوپن کر دی گئی، شیخ رشید نے رنگ روڈ اسکینڈل میں سڑک کا رُخ اپنی زمین کی طرف کروایا تھا، انہوں نے اس طرح اپنی زمین کی قیمت بڑھائی تھی۔

ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا کہ پنجاب بھر کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے ۔ دیکھا جا رہا ہے عثمان بزدار اور پرویز الہٰی نے کتنی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ریلیف دیا۔

چودھری پرویز الہٰی کے دور میں ترقیاتی کاموں کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا ۔ پی ٹی آئی دور کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کے سینئر افسران کو انکوائری میں ریکارڈ سمیت بلا لیا گیا ہے جو افسر اینٹی کرپشن سے تعاون نہیں کرتا اسے گرفتار کیا جائے گا۔

سہیل ظفر نے مزید کہا کہ انکوائریاں اور گرفتاریاں آئندہ ہفتے شروع کی جا سکتی ہیں ۔ ایل ڈی اے کے معاملات عدالت میں ہیں اس لیے انکوائری مؤخر کر دی ۔ محمود الرشید، مونس الہٰی، راجہ بشارت، مراد راس، یاسمین راشد و دیگر وزرا کے محکموں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں