ٹیکس ڈیفالٹر ہونے پر پی آئی اے کے 53 بینک اکاؤنٹس منجمد

ٹیکس ڈیفالٹر ہونے پر پی آئی اے کے 53 بینک اکاؤنٹس منجمد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 26 ارب روپے کے ٹیکس ڈیفالٹر ہونے پر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ملک بھر میں 53 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دئیے ہیں اور اس کیساتھ ہی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی ایف بی آر کے ذیلی ادارے لارج ٹیکس پیئر یونٹ کراچی کی جانب سے کی گئی ہے جس نے پی آئی اے کے ملک بھر میں 53 بینک اکاؤنٹس منجمد کئے ہیں جبکہ ایف بی آر کے اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹیکس واجبات کی ریکوری کیلئے پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس سے 49 کروڑ 50 لاکھ روپے نکلوا لئے ہیں۔ 
اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ 26 ارب روپے کے باقی ٹیکس واجبات کی ریکوری کیلئے ایم ڈی پی آئی اے کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے اور جلد ہی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ایکٹ 2005ءکے تحت ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے جائیں گے جس کیلئے قانونی تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق پی آئی اے دسمبر 2020ءسے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے گوشوارے جمع نہیں کروا رہی تھی مگر قومی ادارہ ہونے کے سبب ایک سال سے زائد عرصے سے اسے رعایت دی جارہی تھی تاہم اب ایف بی آر نے ٹیکس وصولی کیلئے کارروائی کی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں