لندن: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کو برطانیہ میں ٹیکس ڈیفالٹر قرار دیتے ہوئے ان پر 5.2 ملین پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ برطانوی حکومت کی تازہ فہرست میں حسن نواز کا نام شامل کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے 5 اپریل 2015 سے 6 اپریل 2016 تک 9.4 ملین پاؤنڈ کا ٹیکس ادا نہیں کیا۔
برطانوی ٹیکس اتھارٹی نے اس معاملے کی تفصیلات اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کیں اور بتایا کہ حسن نواز پر 5.2 ملین پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق، برطانوی قوانین کے تحت ٹیکس چوری کے جرمانے دیوالیہ ہونے کی حالت میں بھی معاف نہیں کیے جاتے اور اس صورت میں جرمانے کی وصولی کی امید ہے۔
حسن نواز کے قریبی قانونی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ معاملہ 10 سال پرانا ہے اور اس دوران تمام واجب الادا ٹیکس ادا کر دیے گئے تھے۔ ان کے مطابق، ایچ ایم آر سی نے چھ سال بعد اس معاملے پر انکوائری شروع کی، جو ان کے مطابق قانونی طور پر درست نہیں تھی۔ ان کا موقف ہے کہ مخصوص مدت گزر جانے کے بعد ٹیکس وصولی کا مطالبہ غیر قانونی ہے۔
حسن نواز کے قانونی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا دیوالیہ پن 29 اپریل 2025 کو ختم ہو جائے گا، اور اس کے بعد اس معاملے کا مزید قانونی جائزہ لیا جائے گا۔