پاکستانی فلم انڈسٹری عیدالاضحٰی پر تہلکہ مچانےکوتیار، سات اردو، ایک پنجابی، دو پشتو فلمیں ریلیز ہوں گی

پاکستانی فلم انڈسٹری عیدالاضحٰی پر تہلکہ مچانےکوتیار، سات اردو، ایک پنجابی، دو پشتو فلمیں ریلیز ہوں گی
سورس: File

کراچی: برسوں سےزبوں حالی کی شکارپاکستانی فلم انڈسٹری مسلسل ترقی کی راہیں طے کرتے ہوئے عیدالاضحٰی پر تہلکہ مچانےکوتیار ہے۔ بڑی عیدپردس پاکستانی فلمیں سینماگھروں کی زینت بنیں گی۔ فلموں کےدلدادہ افرادسات اردو، ایک پنجابی جبکہ دو پشتو فلمیں  دیکھ سکیں گے۔

پاکستانی فلم انڈسٹری اب سال بہ سال ترقی کر رہی ہے۔ وار کی زبردست کامیابی کے بعد پاکستانی فلمیں مالی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ اگرچہ اس انڈسٹری کو تجارتی لحاظ سے قابل عمل بنانے کے لیے ریلیز اور ہٹس کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے لیکن کووڈ کے باوجود لوگ محنت کر رہے ہیں اور پوری صنعت کو بلند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پچھلے سال دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی بڑی ریلیز اور بڑی کامیابی دیکھی گئی۔ لندن نہیں جاؤں گا اور قائداعظم زندہ باد نے بھی خوب داد دی۔ عیدیں دو مواقع ہیں جن کا فلمساز ہمیشہ انتظار کرتے ہیں رواں سال عید الفطر پر ملٹی اسٹارر منی بیک گارنٹی کی ریلیز بھی ہوئی جس نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ اب عید الاضحیٰ  پر  بھی پاکستانی سینما گھروں میں نئی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں۔

عيد کے روز سے سينما گھروں ميں دکھائي جانے والي فلموں ميں سات اردو، ایک پنجابی جبکہ دو پشتو فلميں شامل ہيں۔

عید الاضحی کی دوڑ میں شامل فلم  'تیری میری کہانیاں' ایک انتھولوجی فلم ہے جس میں مہوش حیات، وہاج علی، رمشا خان، حرا مانی، مانی، شہریار منور، زاہد احمد، اور آمنہ الیاس جلوہ گر ہونگی۔

 'امرو عیار' ایک فینٹاسی فلم ہے جس کی کاسٹ میں اداکار عثمان مختار، حمزہ علی عباسی اور صنم سعید شامل ہیں۔

فلم 'بے بی لیشز' ایک رومانوی کامیڈی ہے جس میں اداکارہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری اکٹھے سلور اسکرین پر اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

آر پار' دوستوں کے درمیان پیچیدہ تعلقات کی کھوج کرتی، سیاست، محبت، اور انسانی جذبات کی پیچیدہ حرکیات کو تلاش کرتی فلم ہے جس کی کاسٹ میں معمر رانا، ارم اختر، عکاشہ گل اور شمائل خان جیسے اہم نام شامل ہیں۔ 

فلم 'وی آئی پی' ایک مزاحیہ سیاسی فلم ہے اس میں نئے اداکار زیک اور نمرہ شاہد مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہونگے۔ 

جبکہ کراچی شہر کی سیاسی تاریخ پر مبنی 'مداری' بھی عیدالاضحی پر نمائش کے لئے پیش کی جائیگی۔

اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور ملک میں ایک انتہائی کامیاب فرنچائز ہے۔ اینیمیٹڈ فلم اپنی تیسری قسط عید الا ضحیٰ پر ریلیز کرنے والی ہے جس کا نام 'اللہ یار اور دی 100 فلاورز آف گاڈ' ہے۔ 

رواں سال عيد کے موقع پر پیش کی جانے والی فلموں میں ایک پنجابی اور دو پشتو فلمیں بھی شامل ہیں۔

مصنف کے بارے میں