کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای-100 انڈیکس 1,009.70 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 115,094.23 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری دن کے دوران انڈیکس 115,247.39 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچا، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
معاشی استحکام اور مالیاتی اشاریوں میں بہتری سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان کی بڑی وجہ بنی۔موڈیز (Moody’s) نے پاکستان کے بینکنگ سیکٹر کا آؤٹ لک مستحکم سے مثبت کر دیا، جس سے بینکنگ اور مالیاتی شعبے میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔
آئی ایم ایف شرائط پر کامیاب عمل درآمد اور اگلی قسط کے اجراء کی توقع نے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم کیا۔
گردشی قرضے کے ممکنہ حل سے متعلق مثبت خبریں توانائی اور صنعتی شعبے میں خریداری کی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنیں۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان کو تقویت دی۔
سٹاک مارکیٹ میں خاص طور پر فوجی فرٹیلائزر (FFC)، پی ایس او (PSO)، لکی سیمنٹ (LUCK)، اینگرو ہولڈنگز (ENGROH)، اور ماری پیٹرولیم (MARI) نے مجموعی طور پر 506 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔
تجارتی حجم 382 ملین شیئرز تک پہنچ گیا، جبکہ مارکیٹ ٹرن اوور 25.4 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جو مضبوط سرمایہ کاری سرگرمی کی نشاندہی کرتا ہے۔بینک آف پنجاب (BOP) سب سے زیادہ فعال سٹاک رہا، جس میں 48 ملین شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی۔
آئی ایم ایف کی 7 ارب ڈالر کی ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے جائزہ اجلاس کے لیے مشن چیف ناتھن پورٹر کی سربراہی میں وفد پاکستان میں موجود ہے۔ کامیاب جائزے کی صورت میں اگلی 1 ارب ڈالر کی قسط جاری ہونے کا امکان ہے، جو معیشت میں مزید استحکام پیدا کرے گی۔
پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال میں بہتری اور مالیاتی اصلاحات کے تسلسل نے اسٹاک مارکیٹ میں طویل مدتی استحکام کی امید کو تقویت دی ہے۔سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور مثبت معاشی اشاریے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جاری یہ مثبت رجحان سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کر سکتا ہے اور معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، کے ایس ای-100 انڈیکس 115,000 کی حد عبور کر گیا
