ریکوڈک عملدرآمد کیس میں کامیابی پاکستان کی بڑی فتح ہے: وفاقی وزیر قانون

ریکوڈک عملدرآمد کیس میں کامیابی پاکستان کی بڑی فتح ہے: وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ ریکوڈک عملدرآمد کیس میں کامیابی پاکستان کی بڑی فتح ہے ، عمران خان کی حکومت میں کوئی کھائے گا نہ کسی کو کھانے دیا جائے گا ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ ہر سطح پر پاکستان کا دفاع کریں گے ، اقتدار میں آئے تو مسائل کا انبار تھا لیکن اب ملک ترقی کر رہا ہے ۔

واضح رہے کہ ریکوڈک عملدرآمد کیس میں برٹش ورجن آئی لینڈ کی عدالت نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے ۔ پاکستان کیخلاف جرمانے اور پی آئی اے کے بیرون اثاثے فروخت کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا گیا ہے ۔

ترجمان وزارت قانون کا کہنا ہے کہ عدالت میں پاکستان کے دفاع کی کوششیں رنگ لے آئیں جبکہ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے فیصلے کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دے دیا ۔

عدالتی فیصلہ پاکستان کے حق میں آنے کے بعد پانچ ارب ستانوے کروڑ ڈالرز کا جرمانہ ختم ، نیو یارک کا روز ویلٹ ہوٹل اور پیرس کا سکرائب ہوٹل بھی پاکستان کو واپس مل گئے ۔ مقدمے کے تمام اخراجات بھی ٹیتھان کاپر کمپنی ادا کرے گی ۔

اٹارنی جنرل آف پاکستان کے مطابق عدالت نے ٹیتھان کاپر کمپنی کی پاکستان کیخلاف درخواست خارج کرتے ہوئے کمپنی کے حق میں دیئے جانیوالے تمام فیصلے کالعدم قرار دے دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے پاکستان کے اربوں روپے کے اثاثے فروخت یا منجمد ہونے سے بچ گئے ۔