آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 5 برس مکمل

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 5 برس مکمل

راولپنڈی : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ ’کے 5 برس مکمل ہونے پر قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی دن قرار دیا ہے۔

27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے 2 لڑاکا طیاروں کو گرا کر ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا اور پاک فضائیہ نے اس کامیابی کو ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کا نام دیا تھا۔

آج اس آپریشن کو 5 برس مکمل ہونے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، اس دن پاکستان کے عوام کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا۔

پیغام میں کہا گیا کہ بھارت نے بلاجواز جارحیت کی جس کا جواب دیا گیا، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ نے پاکستان کی مسلح افواج کی مکمل انتظامی سبقت ظاہر کی۔

  

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کی استقامت اور قابلیت کا اعتراف دنیا بھر کے ماہرین نے کیا اور بھارتی دعوے رد ہوئے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ امن کے لیے پُرعزم ریاست کے طور پرپاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیتا ہے، تاہم پاکستانی عوام، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں